تصویر: Kasun Chamara، ماخذ: Pixabay
اگر آپ قید میں ہوتے تو کیا آپ خوش رہ سکتے تھے؟ یا اگر آپ کو کم عمری ہی میں کسی خلوت نشین خانقاہ میں داخل ہو کر ساری عمر خلوت میں گزارنے کی بلاہٹ ملتی تو؟ کیا آپ انتہائی غربت میں خوشی پا سکتے تھے، جب ہر روز اپنے گھر والوں کو کھلانے کے لیے بمشکل کچھ ہوتا؟ جواب ہے: ”ہاں۔“ آپ یقیناً زندگی کے کسی بھی حال میں خوشی پا سکتے ہیں۔ کیسے؟ خوشی کا دارومدار زندگی کے اُن بیرونی حالات پر نہیں جو ہمارے اختیار سے باہر ہیں۔ نہ یہ دولت پر منحصر ہے، نہ جسمانی آزادی پر، یہاں تک کہ نہ ہی اس بات پر کہ ہمیں کس طرزِ زندگی کی بلاہٹ ملی ہے۔ ہماری بلاہٹ یا زندگی کے حالات کچھ بھی ہوں، خوشی صرف ہمارے خداوند کے ساتھ گہری یگانگت میں ملتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ آیا آپ خدا سے گہری محبت کرتے ہیں یا نہیں (دیکھیے ڈائری #201)۔
ہمارے خداوند کے ساتھ اپنے دلی تعلق پر غور کریں۔ کیا آپ اُنہیں واقعی اور ذاتی طور پر جانتے ہیں اور اُن سے محبت کرتے ہیں؟ کیا آپ ہر روز اُن سے بات کرتے ہیں اور اپنا دن اُن کی حضوری میں گزارتے ہیں؟ کیا آپ کی دعائیہ زندگی زندہ ہے اور پھل پھول رہی ہے؟ کیا آپ کا دل سوزِ محبت سے لبریز ہے؟ خدا آپ سے کامل محبت کرتا ہے۔ اُس کی محبت کے جواب میں اُس سے محبت کریں، تو آپ کو اپنی زندگی کی خوشی کا سرچشمہ مل جائے گا۔
میرے پیارے خداوند، میری مدد فرما کہ میرے دل میں تیری محبت کی آگ جلتی رہے۔ میری مدد فرما کہ میں تجھے نہایت قربت سے اور ذاتی طور پر جان سکوں۔ میں جانتا ہوں کہ میری خوشی کا دارومدار صرف اس بات پر ہے کہ میں تجھ سے محبت کروں۔ میرے دل میں یہ محبت ہر روز بڑھتی جائے تاکہ میں ہر بات میں تیرے ساتھ ایک ہو جاؤں۔ یسوع، مجھے تجھ پر بھروسا ہے۔
گیارہویں دن کے مراقبے:
بیابان میں 40 دن & صلیب کے پاس 40 دن





